اسلام آباد : (دنیا نیوز) بجٹ 2022-23، میں گاڑیاں، موبائل، سگریٹ، کھاد ، ائیر ٹکٹ مزید مہنگے، ٹریکٹر، زرعی مشینری، سولر پینل اور خوردنی تیل کے بیج سستے ہوئے۔
بجٹ دستاویز کے مطابق 30 ڈالر سے 701 ڈالر تک کے موبائل فون پر 100 روپے سے 16 ہزار روپے کی لیوی عائد کی گئی ہے، 1600 سی سی سے زائد کی گاڑیوں پر ٹیکس دگنا کر دیا گیا ہے جبکہ مقامی سگریٹس پر ایکسائز ڈیوٹی میں اضافہ کیا گیا ہے۔
اسی طرح بین الاقوامی سفر کے لیے بزنس اور فرسٹ کلاس ائیرٹکٹس پرایکسائز ڈیوٹی 10 ہزارسے بڑھا کر50 ہزار روپے کرنے کی تجویز ہے، نائن فائلر کیلئے ٹیکس کی شرح 100 سے 200 فیصد کرنے اوربینکوں پر ٹیکس 39 سے بڑھا کر 42 فیصد کرنے کی تجویز دی گئی ہے
تاجروں کے لیے 20 ہزار سے زائد کے بجلی کے بلوں پر بھی فکسڈ ٹیکس عائد کر دیا گیا ہے۔
کسانوں کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے ٹریکٹر، زرعی مشینری اور خوردنی تیل کے بیج اور سولر پینل کی درآمد پر سیلز ٹیکس ختم کرنے کی تجویز ہے، ادویات سازی سمیت دیگر صنعتوں کے لیے 4000 سے زائد خام مال پر بھی ٹیکس میں کمی کر دی گئی ہے۔