فیصل آباد میں ہوٹل مالکان اور نان بائیوں نے روٹی اور نان کی قیمتیں بڑھا دیں

Published On 14 June,2022 09:57 am

فیصل آباد: (دنیا نیوز) مہنگائی کی موجودہ لہر میں غریب آدمی کے لئے دو وقت کی روٹی خریدنا بھی مشکل ہو گیا ہے ، فیصل آباد میں ہوٹل مالکان اور نان بائیوں نے روٹی اور نان کی قیمتیں مزید بڑھا دیں۔

ملک میں عام آدمی کے لئے روزانہ مہنگائی کا نیا طوفان آ رہا ہے، ایسے میں فیصل آباد میں نان بائیوں نے روٹی اور نان کی قیمتیں بھی بڑھا دی ہیں جس سے متوسط طبقہ اور خصوصا دوسرے شہروں سے روزگار کے لئے آئے ورکرز بے حد پریشان ہیں۔

پنجاب حکومت نے 100 گرام وزن کی روٹی کی سرکاری قیمت 8 روپے مقرر کر رکھی ہے لیکن بازار میں روٹی کی قیمت 15 روپے ہے ، سادہ نان کی قیمت میں 8 روپے کا اضافہ کر دیا گیا ہے جبکہ روغنی نان کی قیمت 20 روپے اضافہ کے بعد 40 روپے ہو چکی ہے۔

ضلع فیصل آباد میں 76 پرائس کنٹرول مجسٹریٹس ہیں لیکن تمام کی کارکردگی ایک جیسی یعنی صرف بیانات تک محدود ہے۔ نان بائی کہتے ہیں آٹا ، بجلی، گیس اور گھی کی قیمتیں بڑھ چکی ہیں، پنجاب حکومت کا سبسڈی والا آٹا بھی صرف اعلانات تک محدود ہے، مارکیٹ میں کہیں دستیاب نہیں تو سرکاری قیمت پر کیسے نان اور روٹی فروخت کر سکتے ہیں۔
 

Advertisement