اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی حکومت نے رات گئے پٹرول بم گرادیا، پٹرول کی قیمت میں ایک روپے 45 پیسے اضافہ ہوگیا، لائٹ ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمتوں میں کمی کی گئی ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق اضافے کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 237 روپے 43 پیسے فی لٹر مقرر کردی گئی، ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی جبکہ قیمت 247 روپے 43 پیسے فی لٹر برقرار رہے گی۔
مٹی کے تیل کی قیمت میں 8 روپے 30 پیسے فی لٹر کمی کی گئی ہے جس کے بعد مٹی کے تیل کی نئی قیمت 202 روپے 02 پیسے فی لٹر ہو گئی ہے۔
دوسری جانب لائٹ ڈیزل کی قیمت میں بھی 4 روپے 26 پیسے فی لٹر کمی کی گئی ہے جس کے بعد لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت 197 روپے 28 پیسے لٹر مقرر کردی گئی، جبکہ نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن اور اطلاق ہو گیا۔