اسلام آباد:(دنیا نیوز) چیئرمین اوگرا مسرور خان نے کہا ہے کہ ہم پٹرول اور ڈیزل کی جلد ڈی ریگولیشن چاہتے ہیں، پٹرول پر کسٹمز ڈیوٹی 16 روپے جبکہ ڈیزل پر 22 روپے فی لٹر ہے۔
سینیٹر محسن عزیز کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی پٹرولیم کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں چیئرمین اوگرا نے کمیٹی کو بتایا کہ پٹرول پر پٹرولیم لیوی 37 روپے 42 پیسے فی لٹر ہے جسے پچاس روپے تک لے جانا ہے، تاہم پٹرول اور ڈیزل پر جی ایس ٹی کی شرح صفر ہے۔
سیکرٹری پٹرولیم نے اجلاس کو بتایا کہ اپریل تک لیوی کو پچاس روپے فی لٹر تک لے جائیں گے۔
اجلاس میں سوئی سدرن حکام نے بتایا کہ کمپنی کو ہر سال بلوچستان میں 14 ارب روپے کا نقصان ہورہا ہے، جس میں 80 فیصد گیس چوری شامل ہے البتہ کراچی میں سوئی سدرن کے نقصانات 9 سے 10 فیصد ہیں، یہ بھی بتایا کہ سوئی سدرن کی گیس کی طلب 1250 ایم ایم سی ایف ڈی اور سپلائی 850 ایم ایم سی ایف ڈی ہے۔
کمیٹی نے سوئی سدرن حکام سے آئندہ اجلاس میں گیس لوڈ منیجمنٹ پلان بھی طلب کر لیا۔