پاکستانی روپیہ مزید تگڑا، امریکی ڈالر مسلسل گراوٹ کا شکار

Published On 30 September,2022 12:21 pm

کراچی: (دنیا نیوز) امریکی ڈالر مسلسل گراوٹ کا شکار ہے جس کے باعث ملک بھر میں پاکستانی روپیہ مزید تگڑا ہو رہا ہے۔

کاروباری ہفتے کے آخری روز انٹر بینک میں ڈالر مزید ایک روپے 53 پیسے سستا ہو گیا ہے جس کے بعد امریکی کرنسی 228 روپے 10 پسے پر فروخت ہو رہی ہے جبکہ اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر 50 پیسے سستا ہونے کے بعد 230 روپے کا ہو گیا۔

واضح رہے کہ رواں ہفتے امریکی ڈالر 10 روپے 9 پیسے سستا ہو چکا ہے اور بیرونی قرضوں کے بوجھ میں 1300 ارب روپے کی کمی ہوئی ہے۔

مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ اسحاق ڈار روپے کی قدر کو مستحکم رکھنے کے ماہر سمجھے جاتے ہیں جسکی وجہ سے مارکیٹ میں ڈالر کے طلب گاروں کی ڈیمانڈ بھی رک گئی ہے جبکہ بینکوں کی سخت مانیٹرنگ اور غیرقانونی منی چینجرز کے خلاف کریک ڈاؤن بھی روپیہ کے استحکام کا باعث بن رہا ہے۔

ماہرین نے کہا ہے کہ عالمی بینک سے دو ارب ڈالر کا فنڈ ملنے کی توقع اور سیلاب کی تباہ کاریوں کے تناظر میں بیرونی قرضوں کی ادائیگیاں موخر کرنے کی حکومتی کوششوں سے بھی ڈالر کی مسلسل اڑان رکنے کے امکانات پیدا ہوگئے ہیں۔
 

Advertisement