مہنگائی میں اضافہ، مجموعی شرح 30.62 فیصد تک پہنچ گئی

Published On 30 September,2022 05:59 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک بھر میں مہنگائی میں 0.94 فیصد اضافے کے بعد مجموعی شرح 30.62 فیصد تک پہنچ گئی۔

وفاقی ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کے اعداد و شمار جاری کر دئیے جس کے مطابق ایک ہفتے میں 20 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، 40 روپے 13 پیسے کے اضافہ کے بعد پیاز کی فی کلو قیمت 84 روپے سے بڑھ کر 124 روپے 13 پیسے ہوگئی۔

ادارہ شماریات کے مطابق ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 41 روپے 11 پیسے کا اضافہ ہوا، 190 گرام چائے کی قیمت میں 8 روپے 35 پیسے، دال چنا کی فی کلو قیمت میں 81 پیسے، دال مونگ کی فی کلو قیمت میں ایک روپیہ کا اضافہ ہوا، زندہ مرغی ایک روپے 85 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی۔

رپورٹ کے مطابق صابن، دودھ ، دہی، مٹن، انڈے، چاول بھی مہنگے ہوئے، حالیہ ہفتے 10 اشیاء کی قیمتوں میں کمی اور 21 میں استحکام رہا، ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 119 روپے 63 پیسے سستا ہوا، ملک میں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت 48 روپے 55 پیسے کم ہوئی، گھی کی فی کلو قیمت میں 64 پیسے کمی ریکارڈ کی گئی، دال مسور کی فی کلو قیمت میں 5 روپے، چینی، کیلے، لہسن، آلو کی قیمت میں بھی کمی آئی۔
 

Advertisement