حکومت کا پٹرول اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ

Published On 30 November,2022 09:34 pm

اسلام آباد: ( دنیا نیوز ) عالمی مارکیٹ میں قیمتیں کم ہونے کے باوجود حکومت نے پٹرول کی مسلسل چوتھی مرتبہ قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی جانب سے ہائی سپیڈ ڈیزل کی  قیمتیں  بھی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں فی لٹر 10 روپے اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے 50 پیسے  کمی کا اعلان کیا گیا۔

پٹرولیم مصنوعات کی فی لٹر قیمت

پٹرول کی فی لٹر قیمت 224 روپے 80 پیسے

ہائی سپیڈ ڈیزل کی فی لٹر قیمت 235 روپے 30 پیسے

مٹی کے تیل کی قیمت 181 روپے 83 پیسے

لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 189 روپے 78 پیسے

اسحاق ڈار نے کہا کہ  پٹرولیم مصنوعات کی موجودہ قیمتیں اگلے 15 روز یعنی یکم سے 15 دسمبر تک برقرار رہیں گی، ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں 15 روز کی توسیع کردی گئی ہے۔

یاد رہے کہ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے 15 نومبر کو اعلان کیا تھا کہ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس کا اطلاق 16 نومبر سے 30 نومبر تک ہوگا۔

اسحاق ڈار نے نیوز کانفرنس میں کہا تھا کہ پٹرول، ڈیزل، مٹی کا تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمتیں برقرار رہیں گی، 16 نومبر سے 30 نومبر تک وہی قیمتیں ہوں گی جو آج سے نافذالعمل ہیں۔

اس سے قبل 31 اکتوبر کو بھی وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا تھا کہ حکومت نے پیٹرول، ڈیزل، لائٹ ڈیزل آئل اور مٹی کے تیل کی قیمتوں میں رد بدل نہ کرنے کا فیصلہ کیا  تھا۔

خیال رہے کہ 15 اکتوبر کو وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پٹرول کی قیمت میں کمی کی تجویز مسترد کرتے ہوئے 31 اکتوبر تک تمام پٹرولیم مصنوعات کی قیمت برقرار رکھنے کا اعلان کیا تھا۔

 

Advertisement