اسلام آباد: ( دنیا نیوز ) وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ پاکستان کے روس کے ساتھ خام تیل، پٹرول اور ڈیزل کے معاہدے ہوگئے، روس رعایتی نرخوں پر پاکستان کو خام تیل دے گا، روس کے نئے کارخانوں سے ایل این جی کے معاہدے کریں گے، روسی سرکاری وفد جنوری میں پاکستان کا دورہ کرے گا، معیشت چلے گی تو ملک آگے چلے گا، آگے بڑھنے کے لئے ہمیں ترقی کی شرح میں اضافہ کرنا ہوگا۔
اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ روس کے پرائیویٹ کمپنیوں کے ساتھ ہمارے ایل این جی پر بات چیت شروع ہوئی ہے، سرکاری ایل این جی کے کارخانوں سے ہمارے لانگ ٹرم کنٹریکٹس کی لیے بھی بات چیت ہوگی، پائپ لائن گیس پر بھی بات چیت شروع ہوگئی ہے اور کافی بڑھ گئی ہے، گیس کے مقامی ذخائر میں کمی ہورہی ہے، دسمبر میں پچھلے سال سے زیادہ گیس ہے جو عوام کو دینگے، کھانے کے اوقات میں گیس کی فراہمی کو ممکن بنائیں گے، انٹر گورنمنٹل وفد جنوری میں پاکستان کا دورہ کرے گا، وفد کی سربراہی روس کے انرجی کے وزیر کریں گے، ایران دو ملین پاؤنڈ کی اضافی ایل پی جی پاکستان کو دے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ معاشی ترقی کے لئے ڈیڑھ سے 2 فیصد زیادہ ایل این جی درکار ہے، ہمیں ہرسال اپنی انرجی میں 8 سے 10 فیصد اضافہ کرنا ہوگا، وہ کون سی حکومت تھی جو کہہ رہی تھی کہ ہمیں انرجی لگانے کی کوئی ضرورت نہیں؟ کیا آپ نے ترقی کے سب دروازے بند کردیئے تھے؟ اگر ہمیں آگے بڑھنا ہے تو ہمیں ترقی اور توانائی چاہیے، اگر ہمیں ہر سال 5 سے 6 فیصد ترقی کرنی ہے تو ہمیں ہرسال اپنی انرجی میں 8 سے 10 فیصد اضافہ کرنا ہوگا، ہم نے اپنی کمپنیوں کو کہا ہوا ہے، آپ کچھ بھی کریں صبح 6 سے 9 بجے تک گیس گھروں میں آنی چاہیے۔
مصدق ملک کا کہنا تھا کہ ایران سے جلد بات چیت شروع کرینگے، ہم نہیں چاہتے کہ کسی قید میں آجائے اور پابندیاں لگ جائیں۔