آل پاکستان ٹرانسپورٹ اونرز کا پٹرول، ڈیزل کی قیمت میں بڑی کمی کا مطالبہ

Published On 16 December,2022 02:19 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) آل پاکستان پبلک ٹرانسپورٹ اونرز فیڈریشن نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں معمولی کمی کو مسترد کرتے ہوئے بڑی کمی کا مطالبہ کر دیا ہے۔

ترجمان آل پاکستان پبلک ٹرانسپورٹ اونرز فیڈریشن نے مطالبہ کیا ہے کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 50 روپے فی لیٹر کمی کی جائے، اتحادی حکومت سے امیدیں ختم ہو چکی ہیں، حکومت وزیروں کی تعداد میں کمی کر کے عوام کو ریلیف دے۔

آل پاکستان پبلک ٹرانسپورٹ اونرز فیڈریشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ حکومت 8 ماہ میں ریلیف فراہم کرنے میں بری طرح ناکام رہی ہے، ڈیزل اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے ٹرانسپورٹ کا کاروبار تباہ ہو چکا ہے۔

دوسری جانب پاکستان بزنس کونسل نے حکومت کی جانب سے تیل کی قیمتوں میں کمی کو آئی ایم ایف سے کئے گئے وعدوں کے خلاف قرار دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی مصلحت پاکستان کو دیوالیہ کرنے کی طرف لے جا سکتی ہیں، سستا تیل بچت کے بجائے زرمبادلہ میں کمی کا سبب بنے گا۔