کراچی: (ویب ڈیسک) مارکیٹ میں ادویات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہو گیا، شوگر کے مرض میں استعمال ہونے والی انسولین کی بھی شدید قلت ہے، 3 وقت دوا کا استعمال کرنے والے مریض مہنگائی کے باعث اب صرف 2 یا 1 وقت کی دوا خریدنے پر مجبور ہیں۔
سول سیل کیمسٹ کونسل آف پاکستان کے صدر عاطف بلو کا کہنا ہے کہ اس وقت مارکیٹ می انسولین سمیت جان بچانے والی دیگر ادویات کی قلت برقرار ہے جبکہ بیرون ممالک سے درآمد کی جانے والی ادویات کا بحران نظر آ رہا ہے۔
دوسری جانب میڈیکل اسٹور مالکان کا کہنا ہے کہ دیکھنے میں آ رہا ہے جو مریض 3 وقت دوا کا استعمال کرتے تھے وہ مہنگائی کی وجہ سے اب محض 2 یا 1 وقت کی دوا خریدنے پر مجبور ہیں، 2022ء جون کے بعد سے تقریباً تمام ادویات کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے، اگست میں سیلابی صورت حال کے بعد ادویات کی ڈیمانڈ میں اضافہ ہوا جس سے مارکیٹ میں ادویات کی قلت پیدا ہو گئی۔
میڈیکل اسٹور مالکان کا کہنا ہے کہ ادویات کی قلت کے دوران بیشتر ادویات مارکیٹ سے بھی غائب ہو گئی ہیں جو اب بلیک میں فروخت ہورہی ہیں، انہی ادویات میں انسولین بھی شامل ہیں۔