بوسٹن: (ویب ڈیسک ) الزائیمر کا مرض اس وقت دنیا بھر کے لیے ایک چیلنج بن چکا ہے جس کے علاج کیلئے مختلف آزمائشیں جاری رہتی ہیں ، سائنسدانوں کا ماننا ہے کہ روشنی اور آواز کے ذریعے اس تکلیف دہ بیماری کی شدت میں کمی لائی جاسکتی ہے ۔
حافظے کی کمزوری (الزائیمر) میں انسان کے معمولاتِ زندگی، مزاج اور رویّے میں چھوٹی چھوٹی تبدیلیاں آنے لگتی ہیں جن پر توجہ نہ دینے سے یہ مرض الزائیمر میں تبدیل ہوجاتا ہے جو ایک لاعلاج بیماری ہے۔
پبلک لائبریری آف سائنس ون میں شائع ایک تحقیق کے مطابق ابتدائی تجربات میں یہ تھراپی فائدہ مند ثابت ہوئی ہے۔ تاہم ابھی کچھ مریضوں پر ہی اسے آزمایا گیا ہے۔ میساچیوسیٹس انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (ایم آئی ٹی) کے پروفیسر لائی ہوئے سائی اور ان کے ساتھیوں نے سات برس تک اس پر تحقیق کی ہے۔
تحقیق میں کہا گیا کہ دماغ میں بننے والے مضر پروٹین الزائیمر کی وجہ بنتے ہیں، ماہرین نے چوہوں پر خاص روشنی کے جھماکے ڈالے اور کچھ آوازیں سنائیں تو مضر پروٹین کم ہونے لگے، مسلسل غور سے معلوم ہوا کہ 40 ہرٹز کی روشنی جادوئی خواص رکھتی ہے اور علاج کے لیے موزوں قرار پائی۔
چوہوں کے بعد اس تھراپی کو ہسپتال میں 43 مریضوں پر آزمایا جسے گیما ای این ٹرینمنٹ یوزنگ سینسری سیمولیشن (جینس) کا نام دیا یعنی ان پر مختصر وقفے کے لیے روشنی ڈالی گئی اور آوازیں سنائی گئیں جبکہ اس دوران ای ای جی سے دماغ کو نوٹ کیا جاتا رہا لیکن اس میں تندرست افراد کے ساتھ ساتھ الزائیمر اور مرگی کے مریض بھی شامل تھے، معلوم ہوا کہ دماغ کے بہت سے حصے 40 ہرٹز کی فریکوئنسی کے ساتھ ہم آہنگ ہوجاتے ہیں۔
مزید تحقیق سے معلوم ہوا کہ اس فریکوئنسی کی روشنی اور آواز بہت اہم ہے کیونکہ وہ نہ صرف حسیاتی مقامات کو سرگرم کر رہی ہے بلکہ ایمگڈالا، ہیپوکیمپس اور انسیولہ کو بھی جگاتی ہے۔
دوسرے تجربے میں 15 ایسے لوگ شامل کیے گئے جنہیں ابتدائی درجے کی الزائیمر لاحق تھی۔ انہیں ایک آلہ دے کر کہا گیا کہ وہ اسے گھر لے جائیں اور ایک گھنٹے روزانہ استعمال کریں، اس آلے میں 40 ہرٹز روشنی خارج کرنے والی ایل ای ڈی اور اور اس کے ساتھ آواز خارج کرنے والا آئی پیڈ ٹیبلٹ اور اسپیکر لگا تھا، مریضوں نے آئی پیڈ پر ویڈیو دیکھی اور اس دوران ایل ای ڈی جھماکوں سے روشن ہوتی رہی، تین ماہ کے بعد جن افراد نے 40 ہرٹز کی روشنی اور آواز سنی تھی ان کے مرض میں واضح فرق سامنے آیا۔
اس کے بعد یادداشتی ٹیسٹ اور دوسری اشیا سے ان کی مزید آزمائش کی گئی ، ایسے مریض قدرے مطمئن اور پرسکون نیند لینے لگے، یہاں تک کہ ان کی روزمرہ کارکردگی بھی بہتر ہونے لگی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگلے مرحلے پر مریضوں کی ایک بڑی تعداد پر اسے آزمایا جائے گا۔