موسمیاتی تبدیلیاں: پاکستان میں بے ضرر مچھر بھی ملیریا پھیلانے لگا

Published On 15 December,2022 02:04 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث پاکستان میں بے ضرر مچھر بھی ملیریا پھیلانے لگا ہے۔

موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث پاکستان میں ملیریا پھیلانے والا روایتی مچھر غائب ہوگیا ہے، پاکستان کے سیلاب زدہ علاقوں میں "اینافلیس پلچیری مس" مچھر ملیریا پھیلا رہا ہے جو پہلے یہ کام نہیں کرتا تھا۔

وفاقی ڈائریکٹر ملیریا کنٹرول ڈاکٹر محمد مختار کا کہنا ہے کہ غالب امکان ہے کہ اس سال شدید گرمی، سیلاب کے باعث ہمارا ملیریا پھیلانے والا روایتی مچھر ختم ہوگیا، سیلاب زدہ علاقوں میں ملیریا 5 سے 10 گنا زیادہ تیزی سے پھیل رہا ہے۔

ڈاکٹر محمد مختار نے مزید کہا کہ نئے مچھر کے نمونے ڈی این اے اور بلڈ ٹیسٹ کے لئے سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول امریکا بھیجے ہیں، ملیریا کے حوالے سے نئی ڈویلپمنٹ پر امریکی اور عالمی ادارہ صحت کے حکام بھی ریسرچ کر رہے ہیں۔

وفاقی ڈائریکٹر ملیریا کنٹرول کا کہنا ہے کہ نیا مچھر سامنے آنے کے باعث ملیریا کنٹرول کی نئی حکمت عملی بنانی ہوگی۔

وفاقی وزارت صحت کے حکام کے مطابق اس سال اب تک ملیریا کے 50 لاکھ مشتبہ کیس سامنے آچکے ہیں۔

 

Advertisement