بچوں کو فون دے کر بہلانا ان کے رویے میں تبدیلی کا سبب

Published On 15 December,2022 12:42 pm

نیویارک : (ویب ڈیسک) یونیورسٹی آف مشی گن کی ایک تحقیق کے مطابق ضد کرنیوالے بچے کو فون دے کر بہلانا مستقبل میں ان کے رویوں میں تبدیلی کا باعث بن سکتا ہے۔

محققین کا کہنا ہے کہ غصے میں چیختے بچے کو ڈیجیٹل ڈیوائس دے کر فوری طور پر خاموش تو کرایا جاسکتا ہے لیکن اس طریقہ کوطویل عرصے تک برقرار رکھنا مسائل کا باعث بن سکتا ہے ۔

امریکا کی یونیورسٹی آف مشیگن کے محققین کی ٹیم نے تحقیق کے لیے 422 والدین اور ان کے تین سے پانچ سال کے درمیان بچوں کا انتخاب کیا، سائنس دانوں نے والدین سے پوچھا کہ وہ بچوں کو بہلانے کے لیے فون یا آئی پیڈ جیسے ڈیجیٹل آلات کا کتنا استعمال کرتے ہیں اور کیا انہوں نے بچوں میں گزشتہ چھ ماہ سے زائد کے عرصے کے اندر جذباتی یا رویے کے مسائل کی علامات کا مشاہدہ کیا ہے۔

ان علامات میں اداسی سے خوشی کے درمیان جذبات کی فوری منتقلی، مزاج یا احساسات میں فوری تبدیلی اور انتہائی فعلیت شامل ہیں۔

جرنل جاما پیڈیاٹرک میں شائع ہونے والی تحقیق کے نتائج میں بچوں کو بہلانے کے لیے ڈیجیٹل ڈیوائس کے استعمال اور جذباتی نتائج کے درمیان تعلق سامنے آیا جس بالخصوص چھوٹے لڑکوں میں زیادہ تھا، ان مسائل نے ان بچوں کو بھی زیادہ متاثر کیا جو پہلے ہی غیر معمولی فعلیت یا رویوں میں شدید بدلاؤ میں مبتلا تھے جس کی وجہ سے یہ بچے مزید شدت سے ردِ عمل دیتے ہیں۔

محققین کا کہنا ہے کہ والدین کو بچوں کو بہلانے کے لیے فون یا آئی پیڈ کے استعمال کے بجائے حواسِ خمسہ پر مبنی سرگرمیاں جیسے کہ ٹریمپولین پر چھلانگیں لگوانا، نظمیں سننا یا کتابیں دکھانا ، کروانی چاہیئے۔ 

 

Advertisement