لاہور: (ویب ڈیسک) موسمِ سرما کی آمد کے ساتھ ہی نزلہ و زکام کی شکایات میں اضافہ ہو جاتا ہے۔ سائنس دانوں نے اس کی وجہ جاننے کی کوشش کی تو پتہ چلا کہ ایسا ناک کی وجہ سے ہوتا ہے۔
موسم سرما میں نزلہ اور زکام کے حوالے سے ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ انسانی ناک کا دفاعی نظام جو مختلف قسم کے وائرس کا مقابلہ کرتا ہے، وہ نظام سرد موسم میں بےحس ہو جاتا ہے۔ ناک کے مدافعتی نظام کے متاثر ہونے کی اہم وجہ لوگوں کا بند جگہوں میں بیٹھے رہنا ہے۔ اس دوران متعدی وائرس ان کے جسم میں منتقل ہو جاتے ہیں۔
تحقیق کی رپورٹ کے مطابق کسی ایک چیز کو سردیوں میں نزلے زکام کی واحد اور حتمی وجہ قرار دینا ممکن نہیں ہے۔ ناک کے نتھوں میں موجود خلیے جب بیکٹیریا یا وائرس کو محسوس کرتے ہیں تو وہ اربوں کی تعداد میں رطوبتیں خارج کرتے ہیں۔
یہ رطوبتیں نہ صرف خطرناک بیکٹیریا اور وائرس کو قتل کر دیتی ہیں بلکہ یہ دیگر خلیوں کو بھی بیماریوں کا سبب بننے والی چیزوں سے خبردار کرتے ہیں۔
تحقیق کے دوران کورونا وائرس کے ایک ویریئنٹ اور زکام کا سبب بننے والے دو وائرسوں کے خلاف ناک کے دفاعی نظام کا جائزہ بھی لیا گیا۔ ماہرین اس نتیجے پر پہنچے کہ جب ناک کے اندر کا درجۂ حرارت گرتا ہے تو تندرست افراد کے ناک کا مدافعتی نظام بھی موسمِ گرما کی نسبت نصف کارکردگی کا مظاہرہ کرتا ہے۔