لندن : (ویب ڈیسک) ایک صحت مند انسان کے لئے روزانہ سات سے آٹھ گھنٹے کی نیند لینا بے حد ضروری ہے ورنہ آپ دائمی بیماریوں کا شکار ہوسکتے ہیں۔
پلوس میڈیسن نامی جریدے میں شائع ایک نئی تحقیق میں طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر آپ کی عمر 50 سال سے زائد ہے تو ہر رات 5 گھنٹے یا اس سے کم نیند لینا آپ کی صحت کے لیے خطرناک ہو سکتا ہے، ماہرین نے اس تحقیق کو موثر بنانے کے لئے اسے دو زمروں میں تقسیم کیا تاکہ نتائج کی جانچ پڑتال میں آسانی ہوسکے۔
25 سال کی تحقیق: اس تحقیق میں برطانیہ کے آٹھ ہزار سرکاری ملازمین شامل تھے، یہ تمام ملازمین 50 سال کی عمر تک کسی دائمی مرض کا شکار نہیں ہوئے۔
تحقیق میں سائنسدانوں نے ان افراد سے کہا کہ وہ ہر چار سے پانچ سال تک اپنی نیند اور صحت کے بارے میں معلومات دیں، جن لوگوں کی نیند 50 سال کی عمر میں ٹریک کی گئی ان میں پانچ گھنٹے یا اس سے کم سونے پر ان میں دائمی بیماریوں کا خطرہ 30 فیصد زیادہ تھا، ان تمام کا موازنہ ان لوگوں سے کیا گیا جو رات میں 7 گھنٹے سوتے تھے، ایک ہی وقت میں یہ خطرہ 60 سالوں میں 32 اور ستر سال کی عمر میں 40 فیصد بڑھ گیا، مقررہ نیند نہ لینے سے موت کا خطرہ بھی 25 فیصد پایا گیا۔
تحقیق کے مطابق جو لوگ رات کو 5 گھنٹے سے کم سوتے ہیں ان میں ذیابطیس، کینسر، امراض قلب، ہارٹ فالج، پھیپھڑوں کی بیماری، گردے کی بیماری، جگر کی بیماری، ڈپریشن، بھول جانا، پارکنسنزجیسی بیماری ، گھٹیا اور بہت سے دماغی امراض کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
ڈاکٹرز کے مطابق جیسے جیسے لوگوں کی عمر بڑھتی ہے، ان کے نیند کے چکر بھی بدل جاتے ہیں، اگر آپ دائمی اور سنگین بیماریوں سے بچنا چاہتے ہیں تو ہر رات 7 سے 8 گھنٹے کی نیند لینا آپ کے لئے بے حد ضروری ہے، اس سے کم نیند آپ کے لئے نقصان دہ ہے۔
مکمل اور پُرسکون نیند کے لئے سونے کے کمرے میں اندھیرا اور مناسب درجہ حرارت ہونا چاہئے، سونے سے ایک گھنٹے قبل تک اسمارٹ فون یا کمپیوٹر وغیرہ کا استعمال نہ کریں جبکہ کیفین کا استعمال کم کردیں، اس سے فوری سونا ممکن ہوسکے گا اور لیٹ کر دیر تک جاگنا نہیں پڑے گا۔