غیرقانونی کٹوتیوں اورادائیگیوں میں تاخیر پرشوگرملز کیخلاف کارروائی کا حکم

Published On 20 December,2022 12:24 pm

لاہور : (دنیا نیوز) چیف سیکرٹری پنجاب نے گنے کے کاشتکاروں کو غیر قانونی کٹوتیوں اور واجبات کی ادائیگیوں میں تاخیر پر شوگر ملوں کیخلاف سخت کارروائی کرنے کا حکم دے دیا ۔

چیف سیکرٹری پنجاب عبداللہ خان سنبل نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو گنے کے کاشتکاروں کو واجبات کی بروقت ادائیگی اوریوریا کھاد کی سرکاری نرخوں پر دستیابی یقینی بنانے سے متعلق ہدایات جاری کر دیں۔
سول سیکرٹریٹ میں ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کے ویڈیو لنک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب عبداللہ خان سنبل نے کہا کہ حکومت کسانوں کے حقوق کا ہر صورت تحفظ کریگی اور شوگر ملوں کیخلاف غیر قانونی کٹوتیوں اور ادائیگیوں میں تاخیر پرسخت ایکشن لیا جائیگا۔


انہوں نے یوریا کھاد کی سمگلنگ کی روک تھام کیلئے سخت اقدامات اٹھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ یوریا کھاد کی طلب، رسد اور قیمتوں پر کڑی نظر رکھی جائے۔

چیف سیکرٹری نے ڈپٹی کمشنرز کو حکم دیا کہ ہاؤسنگ سوسائٹیوں کو منظوری صرف قواعد کے مطابق دی جائے، انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال کے دوران قلیل مدت میں 217ارب روپے کے ریکارڈ ترقیاتی فنڈز کا استعمال کیا گیا، ترقیاتی منصوبوں میں فنڈز کا بروقت استعمال، معیار اور شفافیت کویقینی بنایا جائے۔

اجلا س میں زراعت اور خوراک کے محکموں کے ایڈمنسٹریٹو سیکرٹریز، ڈپٹی کمشنر لاہور اورمتعلقہ افسران نے شرکت کی جبکہ تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز بذریعہ ویڈیو لنک شریک ہوئے۔