اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار سید مرتضیٰ محمود نے کہا ہے کہ ملک کے لئے زرمبادلہ کمانے کے لئے موبائل فون کے پرزوں کی مقامی طور پر تیاری، سستی لیبر کی پیداواری صلاحیت سے استفادہ حاصل اور برآمدی ہدف پورے کیے جائیں۔
موبائل ڈیوائس مینوفیکچرنگ بارے اعلیٰ سطحی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمارے پاس بے پناہ صلاحیت ہے جسے ملکی ترقی کے لئے زیادہ سے زیادہ استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔
سید مرتضیٰ محمود نے کہا کہ ملک کو آج جس صورتحال کا سامنا ہے اس کے ذمہ دار ہم سب ہیں، طویل مدتی پالیسیاں ہی ہمیں اس صورتحال سے نکلنے میں مدد کر سکتی ہیں، انہوں نے موبائل ڈیوائس مینوفیکچرنگ سیکٹر پر زور دیا کہ وہ اس سمٹ سے موبائل فون ڈیوائسز اور اس سے منسلک آلات جیسے لیپ ٹاپ اور ٹیبلٹس کی مسابقت کو بڑھا کر موبائل فون کی برآمد کو ہدف بنائیں۔
اعلیٰ سطحی کانفرنس کا انعقاد وزارت صنعت و پیداوار کے ذیلی محکمہ، انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ نے پاکستان موبائل فون مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے تعاون سے کیا، تمام سٹیک ہولڈرز بشمول موبائل ڈیوائس مینوفیکچررز، متعلقہ وزارتوں کے سرکاری افسران اور ماہرین نےموبائل ڈیوائسز مقامی طور پر تیار کر کے اس شعبے میں روزگار کے مواقع کو بڑھانے اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے بارےمیں اظہار خیال کیا۔
اس موقع پر 31 موبائل ڈیوائسز مینوفیکچرنگ کمپنیوں نے اپنی ٹیکنالوجی اور مصنوعات کی نمائش کی جن میں انفینکس، الکاٹیل، ٹیکنو، جی فائیو، اوپو، ویوو اور پریمیئر کوڈ وغیرہ شامل ہیں۔