سی ڈی اے نے اسلام آباد کی تاریخ کا سب سے مہنگا پلاٹ نیلام کر دیا

Published On 24 January,2023 11:02 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سی ڈی اے نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی تاریخ کا سب سے مہنگا پلاٹ 8 ارب 54 کروڑ روپے میں نیلام کر دیا۔

کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے چیئرمین محمد عثمان یونس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بتایا کہ سی ڈی اے نے اسلام آباد کی تاریخ میں سب سے مہنگے پلاٹ کی 8 ارب 54 کروڑ روپے میں نیلامی کی ہے۔

چیئرمین سی ڈی اے عثمان یونس نے کہا کہ اب تک ان کا ادارہ چار پلاٹوں کی نیلامی کر چکا ہے جن کی مجموعی قیمت 11 ارب 95 کروڑ روپے ہے۔

واضح رہے اسلام آباد کی تاریخ کا سب سے مہنگا پلاٹ دارالحکومت کے کاروباری علاقے بلیو ایریا میں واقع ہے اس کے علاوہ مہنگے ترین نیلام کیے گئے دو پلاٹ اسلام آباد کے سیکٹر آئی 14 اور سیکٹر آئی 8 کے مرکز میں واقع ہیں۔

گزشتہ سال کے آخر میں سی ڈی اے کی جانب سے محکمے کی مالی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے اسلام آباد میں کمرشل اور رہائشی پلاٹوں کی نیلامی کا منصوبہ پیش کیا گیا تھا جس کے تحت 50 سے زائد پلاٹوں کی نیلامی ہونی ہے۔
  

Advertisement