اسلام آباد : ( دنیا نیوز ) پارلیمنٹ کی عمارت میں چند مقامات پر ہونے والی سپارکنگ سے شارٹ سرکٹ کے خطرے پیش نظر عمارت کو تین دن کیلئے بند کر دیا گیا۔
اتوار کے روز پارلیمنٹ کی عمارت میں چند مقامات پر سپارکنگ ہوئی اور عمارت میں بجلی ، آڈیو اور ویڈیو آلات کی تاریں کٹی پائی گئیں جس پر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے صورتحال کا فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ سیکریٹریز کو مسئلے کے فوری اورموثر حل کی ہدایت کی۔
صورتحال کے پیش نظر پارلیمنٹ کی عمارت کو تین دن کے لئے بند کر دیا گیا ہے، قومی اسمبلی اور سینیٹ سیکرٹریٹ کے دفاتر مکمل بند رہیں گے، جبکہ چیئرمین سینیٹ و سپیکر قومی اسمبلی کی ہدایات پر عمارت کو فوری طور پر سیل کر کے کر وائرنگ کو محفوظ بنایا جائے گا۔
سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق سپارنگ کے واقعے میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا تاہم احتیاطی طور پر تمام بلڈنگ کا معائنہ کیا جائیگا اور کسی بھی قسم کے نقصان سے بچنے کے لئے تمام دفاتر کی چیکنگ کی جائے گی۔
دوسری جانب آج ہونے والا سینیٹ اجلاس بھی جمعرات دن گیارہ بجے تک موخر کر دیا گیا ہے، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی ہدایات کے مطابق اجلاس کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔