کے الیکٹرک نے بجلی مہنگی اور سستی کرنے کی درخواستیں دائر کر دیں

Published On 18 February,2023 03:06 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کے الیکٹرک نے نیپرا میں بجلی مہنگی اور سستی کرنے کی 2 الگ الگ درخواستیں جمع کرا دیں۔

کے الیکٹرک نے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں ایک درخواست ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ جبکہ دوسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ سے متعلق جمع کرائی ہے۔

نیپرا میں جمع کرائی گئی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی درخواست میں بجلی جنوری کے لیے 2 روپے 69 پیسے فی یونٹ بجلی مہنگی کرنے کی استدعا کی گئی ہے، قیمت میں اضافے کی صورت میں کراچی کے بجلی صارفین پر 2 ارب 77 کروڑ روپے کا بوجھ پڑے گا۔

کے الیکٹرک نے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ سے متعلق درخواست میں اکتوبر سے دسمبر کی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 7 روپے 36 پیسے فی یونٹ سستی کرنے کی استدعا کی ہے۔

اس طرح مارچ میں مجموعی طور پر کراچی والوں کے لئے بجلی 4 روپے 67 پیسے فی یونٹ سستی ہونے کا امکان ہے، بجلی کی قیمتوں میں اضافے اور کمی کا اثر لائف لائن صارفین پر نہیں ہوگا۔

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کے الیکٹرک کی درخواستوں پر سماعت 28 فروری کو کرے گی۔
 

Advertisement