اسلام آباد: (دنیا نیوز) آئی ایم ایف سے سٹاف لیول معاہدہ اس ہفتے بھی نہ ہونے کا امکان ہے۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کو مطمئن کردیا ہے، چند دنوں میں آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ ہو جائے گا۔
اس موقع پر صحافی نے اسحاق ڈار سے سوال کیا کہ آپ نے کہا تھا کہ اس ہفتے معاہدہ ہوجائے گا، جس کا جواب دیتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ چند دن کہا ہے اس ہفتے کا نہیں کہا۔
قبل ازیں اسلام آباد میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ آئندہ 2 روز میں آئی ایم ایف سے معاہدہ ہونے کی امید ہے، حالات جیسے بھی ہوں سابق حکومت کے معاہدوں کی پاسداری کی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک کو متعدد چیلنجز کا سامنا ہے، یہ معاشی بحران اتحادی حکومت کو ورثے میں ملا ہے، حکومت معاشی بحالی کیلئے کوشاں ہے، جلد معاشی مسائل پر قابو پالیں گے۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن نے گزشتہ دور میں آئی ایم ایف کا پروگرام مکمل کیا، ن لیگ کے پچھلے دور میں پاکستان 24 ویں بڑی معیشت بن گیا تھا، پاکستان ایشیا کی بہترین مارکیٹ تھی، 2018 سے پاکستان کی معاشی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ عمران خان نے آئی ایم ایف کے پروگرام سے انحراف کیا، ترقیاتی اداروں کے اعتماد کو نقصان پہنچایا، پی ٹی آئی کی غلط پالیسیوں کے باعث بیرونی سرمایہ کاری کافقدان پیدا ہوا اور بجٹ خسارے میں اضافہ ہوا۔