کپاس کی رواں سال قیمت 8500 روپے فی من مقرر کرنے کی منظوری

Published On 13 March,2023 01:32 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کپاس کے کاشتکاروں کیلئے بڑا فیصلہ کر لیا، کپاس کی رواں سال قیمت 8500 روپے فی من مقرر کرنے کی اصولی منظوری دے دی۔

وزیراعظم کی زیر صدارت زرعی ٹاسک فورس کا جائزہ اجلاس ہوا، جس میں کپاس کی پیداوار بڑھانے اور سپورٹ پرائس مقرر کرنے پر غور کیا گیا۔

اجلاس کے دوران وزیر اعظم نے کپاس کی رواں سال قیمت 8500 روپے فی من مقرر کرنے کی اصولی منظوری دی اور کہا کہ کپاس کی سپورٹ پرائس جلد از جلد اقتصادی رابطہ کمیٹی سے منظور کروانے کیلئے پیش کی جائے۔

شہباز شریف نے کہا کہ کپاس پاکستان کی زرمبادلہ کمانے والی فصل ہے، حکومت کپاس کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے، کپاس کی فصل کی فی ایکڑ پیداوار بڑھانے کے لئے تجاویز مرتب کرنے میں وزارت نیشنل فوڈ سکیورٹی تیز رفتاری سے اپنا کام مکمل کرے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومتیں کسانوں کو کپاس کی مقرر کردہ قیمت کی فراہمی یقینی بنائیں، وفاقی حکومت مقرر کردہ سپورٹ پرائس پر عمل درآمد کیلئے صوبائی حکومتوں کی ہر ممکن مدد کرے گی۔

 

Advertisement