کپاس کی بوائی اور پیداوار کا ٹارگٹ ہرصورت حاصل کرینگے : نگران وزیراعلیٰ پنجاب

Published On 21 May,2023 10:23 am

لاہور: (دنیانیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کاکہنا ہے کہ کپاس کی بوائی اور پیداوار کا ٹارگٹ ہر صورت حاصل کرینگے ، کپاس کی فصل صوبے اورکاشتکار کیلئے معاشی گیم چینجرثابت ہوسکتی ہے۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں کپاس کی بوائی کے حوالے سے پیش رفت کا جائزہ لیا گیا ، نگران وزیراعلیٰ  نے کپاس کی بوائی اور پیداوار کا ٹارگٹ ہر صورت حاصل کرنے کی ہدایت کر دی۔

نگران وزیراعلیٰ  کا کہنا تھا  کہ کپاس کی زیادہ پیداوار حاصل کرنے والے کاشتکاروں کو نقد انعامات دیئے جائیں گے، کپاس کی بوائی کا ہدف حاصل کرنے پر متعلقہ عملے کی بھی حوصلہ افزائی کی جائے گی ، کپاس کی بوائی کا ٹارگٹ بھی حاصل کرنا ہے اور فصل کی مکمل دیکھ بھال بھی ضروری ہے۔

انہوں  نے صوبہ بھر میں پانی چوری کے واقعات کی روک تھام کا حکم دے دیا، نگران وزیراعلیٰ کی طرف سے کپاس کی فصل کیلئے درکار پانی کی فراہمی کی یقین دہانی بھی کرائی گئی ، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کپاس کے کاشتکاروں کو پانی، بیج،کھاد سمیت کسی چیز کی کمی نہیں آنے دی جائے گی۔

اجلاس کے دوران صوبہ بھر میں جعلی ادویات اور بیج فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی مزید موثر بنانے کی ہدایت کی گئی، جبکہ سیٹلائٹ کے ذریعے کراپ سروے کی تجویز بھی دی گئی۔

محسن نقوی کا کہناتھا  کہ کپاس کی کم ازکم امدادی قیمت 8500 روپے مقرر کی گئی ہے، پنجاب میں کپاس کی بوائی کا ہدف حاصل کرنا ہمارا مشن ہے، کپاس کی فصل صوبے اورکاشتکار کیلئے معاشی گیم چینجرثابت ہوسکتی ہے۔

معروف صنعت کار و اپٹما رہنما گوہراعجاز، فواد مختار، چیف سیکرٹری، سیکرٹریز زراعت، خزانہ، آبپاشی اورمحکمہ زراعت کے حکام نے اجلاس میں شرکت کی ، تمام ڈویژنل کمشنرزاورزرعی ماہرین ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔
 

Advertisement