لاہور: (دنیا نیوز) نگران پنجاب حکومت نے آرمی تنصیبات اور املاک پر حملہ کرنے والے شرپسندوں کے خلاف آرمی ایکٹ کے تحت کارروائی کے فیصلےکی منظوری دے دی۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں امن وامان کی صورتحال اور 9 مئی کے دہشت گردی کے واقعات کے ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائیوں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں آرمی تنصیبات اور املاک پر حملہ کرنے والے شرپسندوں کے خلاف آرمی ایکٹ کے تحت کارروائی کے فیصلےکی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں شرپسندوں کے خلاف مقدمات کیلئے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کی تشکیل دینے کی منظوری بھی دی گئی۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کی گرفتاری جلد یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے دہشت گردی کے واقعات کے اصل ذمہ داروں کی شناخت کیلئے تمام سکیورٹی اداروں کے باہمی اشتراک پر زور دیا۔
محسن نقوی نے ہدایت کی کہ ملزموں، سہولت کاروں اور ماسٹر مائنڈز تک پہنچنے کیلئے موثر میکانزم وضع کیا جائے۔
اجلاس میں دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ 32 مقامات کی جیو فینسنگ کرکے ملزمان کو ٹریس کیا جا رہا ہے، تصاویر اور ویڈیوز میں چہرے سے شناخت کیلئے نادرا کے ڈیٹا بیس سے مدد لی جا رہی ہے۔
محسن نقوی نے گرفتار افراد پر الزامات کی تصدیق کیلئے فول پروف طریقہ کار اپنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی بے گناہ کی گرفتاری نہ ہونے کو یقینی بنانے کیلئے پروفیشنل طریقے سے کام کریں، تمام شرپسندوں کے خلاف قانونی کارروائی کو پیشہ ورانہ طریقے سے آگے بڑھایا جائے، موثر تفتیش کے بعد پراسیکیوشن اپنا کام بہتر طریقے سے کرے تاکہ کوئی بھی ذمہ دار بچ نہ پائے۔