پہلی بار روس کے ساتھ سمندری راستے سے براہ راست کارگو سروس کا آغاز

Published On 22 May,2023 09:51 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان کے میری ٹائم سیکٹر کے لئے بڑی خبر، پاکستان کی سمندری تجارت میں بڑا انقلاب آ گیا، ملکی تاریخ میں پہلی بار روس کے ساتھ سمندری راستے سے براہ راست کارگو سروس کا آغاز ہو گیا۔

سی ای او پاک شاہین عبداللہ فرخ کے مطابق روس کی بندر گاہ سینٹ پیٹرز برگ سے پہلا روسی کارگو جہاز براہ راست 25 مئی کو کراچی پورٹ پہنچے گا، براہ راست سمندری سروس شروع ہونے سے روس سے کارگو صرف 18 دن میں پاکستان کی بندر گاہ پہنچ جائے گا، پہلے روس سے آنے والے جہاز کو ایک مہینہ لگتا تھا، دوسرا جہاز 29 مئی کو پاکستان کراچی پورٹ پہنچے گا۔

یہ بھی پڑھیں: سگریٹ ٹیکس اضافے سے حکومت کو 200 ارب روپے وصولی کی توقع

پاکستان روس کو 150 ملین کی ایکسپورٹ جبکہ 300 ملین کی امپورٹ کرتا ہے، پاکستان سے روس کو تجارت 2.50 ارب ڈالر تک بڑھنے کی گنجائش ہے، پاکستان روس کے ساتھ سمندری خوراک اور دیگر سیکٹر میں بھی تجارت بڑھا سکتا ہے، خطے میں ٹرانس شپمنٹ تجارت کے تحت اس سروس سے پاکستان کو زرمبادلہ کا فائدہ ہوسکتا ہے۔

ابتدائی طور پر مہینے میں ایک اور بعد میں ماہانہ 3 جہاز براہ راست روس سے پاکستان آئیں گے روس کے ساتھ تجارت بڑھنے سے مزید تجارتی کمپنیاں بھی پاکستان آئیں گی، روس سے سمندری تجارت سے خطے کے ممالک بھارت، چین اور افریقی ممالک کا ٹرانس شپمنٹ کے تحت کارگو آرہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: غیر یقینی سیاسی صورتحال: نئے بجٹ کا شیڈول متاثر ہونے کا خدشہ

مستقبل میں چین سمیت دیگر ممالک کے لیے بھی ٹرانس شپمنٹ کا اضافہ ہوگا، سروس کے آغاز پر جہاز کا فریٹ زیادہ ہوگا، جب تجارت بڑھے گی تو نرخ کم ہوگا، روس سے براہ راست سمندری تجارت سے ڈالر کے علاوہ ادائیگی یوآن سمیت دیگر کرنسی میں بھی کی جاسکے گی۔