اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک میں غیر یقینی سیاسی صورتحال اور آئی ایم ایف پروگرام میں تاخیر کے باعث نئے بجٹ کا شیڈول متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا، سالانہ پلان کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس 2 جون تک ملتوی کر دیا گیا۔
بجٹ کے حوالے سے نیشنل اکاؤنٹس کمیٹی اجلاس کے شیڈول میں دوسری بار تبدیلی کر دی گئی، اب یہ اجلاس پیر کو ہوگا، جس میں موجودہ مالی سال جی ڈی پی گروتھ کا تخمینہ جاری کیا جائے گا۔
اجلاس میں زراعت، صنعت، خدمات سمیت مختلف شعبوں کی کارکردگی بنیاد پر اہداف کا تعین کیا جائے گا، بجٹ اسٹریٹجی پیپر کی کابینہ سے اگلے ہفتے منظوری متوقع ہے جبکہ سالانہ پلان کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس 2 جون تک ملتوی کر دیا گیا۔
قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس جون کے پہلے ہفتے میں ہوگا، حکام وزارت خزانہ کے مطابق نئے مالی سال کا بجٹ 9 جون کو پیش کرنے کا منصوبہ ہے۔
واضح رہے کہ آئی ایم ایف سے معاہدہ نہ ہونے کے باعث حکومت کو شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے، ملک میں ڈالر تقریباً 300 روپے تک پہنچ چکا ہے جبکہ پٹرول کی قیمت بھی تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے۔