روسی خام تیل 27 مئی کو عمان کی بندرگاہ پہنچے گا، مصدق ملک

Published On 24 May,2023 11:30 am

اسلام آباد: (ذیشان یوسفزئی) مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک نے کہا کہ روس سے خام تیل کا جہاز 27 یا 28 تاریخ کو عمان کی بندرگاہ پر پہنچے گا اور عمان سے خام تیل چھوٹے جہازوں کے ذریعے پاکستان پہنچے گا۔

 

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ روس سے ایک لاکھ ٹن سستا خام تیل پہنچے گا، عمان سے چھوٹے جہازوں میں تیل اس لیے لایا جائے گا کیونکہ پاکستان کی بندرگاہوں پر بڑے جہاز لنگر انداز نہیں ہوسکتے۔

روس کو خام تیل کے لیے ادائیگی اور کرنسی کے متعلق سوال پر مصدق ملک نے کہا کہ ادائیگیوں کا کوئی مسئلہ نہیں تمام معاملات کو طے کیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ تین سے ساڑھے تین لاکھ بیرل کی جدید آئل ریفائنری لگانا چاہتے ہیں جس کے لیے 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری درکار ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ نئی آئل ریفائننگ پالیسی کے تحت سرمایہ کار کو 5 سال میں فنانشل کلوز کرنا ہوگا اور ان سرمایہ کاروں کو ٹیکس چھوٹ دینگے، نئی ریفائنریز خصوصی اقتصادی زون میں لگیں گی، آئل ریفائننگ میں سرمایہ کاروں کو فارن انویسٹمنٹ ایکٹ کے تحت تحفط فراہم کریں گے۔

وزیر مملکت نے بتایا کہ تین لاکھ بیرل سے بڑی ریفائنری کو 25 سال کے لیے پٹرول اور ڈیزل پر کسٹم ڈیوٹی ساڑھے سات فیصد ہوگی اور 20 سال کے لیے انکم ٹیکس چھوٹ ہوگی، تین لاکھ بیرل والی ریفائنری کو 10 سال کے لیے انکم ٹیکس کی چھوٹ ہوگی اور دس سال ساڑھے سات فیصد تک کسٹم ڈیوٹی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ابھی ملک میں 20 ملین ٹن سالانہ پٹرول اور ڈیزل کی طلب ہے، 2032 تک ملک میں پٹرول اور ڈیزل کی سالانہ کھپت 33 ملین ٹن تک پہنچ جائے گی، ملک میں جدید ریفائنری ہوگی تو فینش پراڈکٹس (پٹرول اور ڈیزل) پر پریمیم سے بچیں گے، گزشتہ دنوں ڈیزل پر 18 سے بیس ڈالر فی بیرل پریمیم ادا کیا گیا۔

وزیر مملکت نے بتایا کہ نئی ریفائنری سے فرنس آئل کی پیداوار میں کمی ہو گی کیونکہ دنیا میں فرنس آئل کی طلب میں کمی ہوئی ہے اور اس کی قیمت بھی خام تیل سے کم ہوتی ہے، ہر ایک فیصد جی ڈی پی گروتھ کے لیے ڈیڑھ سے دو فیصد انرجی گروتھ درکار ہوتی ہے، نئی ریفائنری سے انرجی سکیورٹی بھی بڑھے گی۔

انہوں نے سستے پٹرول سکیم کے متلعق کہا کہ امید نہیں تھی کہ آئی ایم ایف کو اس پر اعتراض ہو گا کیونکہ ہم امیر سے زیادہ پیسے لیکر غریب کو ریلیف فراہم کرنا چاہتے تھے، آئی ایم ایف کے اعتراضات پر سستا پٹرول سکیم کو ری شیپ کر دیں گے، نجی شعبے کو ایل پی جی ایئر مکس پلانٹ کی اجازت دے رہے ہیں، ایل پی جی ایئر مکس پلانٹس مسابقتی بنیادوں پر لگائے جائیں گے۔

 

Advertisement