کراچی: (ویب ڈیسک) مسلسل تیزی میں جانے والی پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ایک مرتبہ پھر مندی کی واپسی ہوئی ہے جس کے باعث سرمایہ کاروں کو اربوں روپے کا نقصان ہوا ہے۔
حصص مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز مثبت انداز میں ہوا تاہم دوپہر کے بعد غیر یقینی سیاسی، معاشی صورتحال کے اثرات حصص مارکیٹ پر پڑے، جس کے باعث انڈیکس میں مندی نے ڈیرے ڈال لیے اور یہ کاروبار کے اختتام تک جاری رہے۔
سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا اختتام 341.09 پوائنٹس کی مندی پر ہوا اور 100 انڈیکس 41330.56 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا، کاروبار میں 0.82 فیصد کی تنزلی دیکھی گئی جبکہ 9 کروڑ 8 لاکھ 279 شیئرز کا لین دین ہوا۔
رواں ہفتے کے تیسرے کاروباری روز کے دوران مندی کے باعث سرمایہ کاروں کو 40 ارب روپے سے زائد کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔