وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کی شمالی وزیرستان میں پولیو ٹیم پر حملے کی مذمت

Published On 01 June,2023 02:00 am

اسلام آباد : ( دنیا نیوز ) وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے شمالی وزیرستان میں پولیو ٹیم پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ٹیم کو بحفاظت نکال لینے پر سکیورٹی جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

وزیر داخلہ کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز کی بہادری قابل داد ہے اور فورسز نے دہشت گردوں کے عزائم خاک میں ملا دیے ہیں۔

رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ شہید ہونے والے جوان ثاقب الرحمان نے شجاعت کی نئی داستان رقم کی اور اسکی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ بہت جلد دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے ، سکیورٹی فورسز کا ہر جوان ہمارا فخر ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز شمالی وزیرستان میں پولیو ٹیم پر فائرنگ کے بعد دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے پاک فوج کا ایک جوان شہید ہو گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا  کہ دہشت گردوں نے انسداد پولیو ٹیم پر فائرنگ شمالی وزیرستان کے علاقے سپین وام میں کی، دہشت گردی کی یہ کارروائی علاقے میں پولیو مہم کو متاثر کرنے کیلئے کی گئی، پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور سکیورٹی ٹیم نے دہشت گردوں کا مقابلہ کیا اور فائرنگ کے تبادلے میں ایک جوان جام شہادت نوش کر گیا۔