کوئٹہ : ( دنیا نیوز ) وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کا کہنا ہے کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری ایک بیان میں وزیر اعلیٰ بلوچستان کا ہیلتھ کارڈ پر انشورنس کمپنی اور ہیلتھ کارڈ اتھارٹی کے معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بنیادی سہولیات کے اعلانات کی بجائے منصوبوں کی تکمیل پر یقین رکھتے ہیں۔
عبدالقدوس بزنجو کا مزید کہنا تھا کہ ہیلتھ کارڈ سماجی تحفظ کا ایک انتہائی اہم پروگرام ہے، ہیلتھ کارڈ کے ذریعے بلوچستان کے 18 لاکھ خاندان 10 لاکھ تک کی مفت علاج کی سہولیات سے مستفید ہوں گے۔
عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔انہی بنیادی سہولیات سےمتعلق اعلانات کی بجائے متعلقہ منصوبوں کی تکمیل پر یقین رکھتے ہیں۔ہیلتھ کارڈ سماجی تحفظ کاایک انتہائی اہم پروگرام ہے جس کےتحت بلوچستان کا ہرباشندہ 10 لاکھ تک کی مفت علاج کی سہولیات سےمستفید ہو گا۔ pic.twitter.com/ygVHZoveAX
— Mir Abdul Quddus Bizenjo (@AQuddusBizenjo) May 31, 2023
یاد رہے کہ بلوچستان حکومت نے بھی اپنے شہریوں کیلئے صحت کارڈ منصوبے کا آغاز کر دیا ہے اور اس حوالے سے گزشتہ روز محکمہ صحت اور انشورنس کمپنی کے درمیان بلوچستان صحت کارڈ کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی۔
تقریب کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ معاہدے کے بعد بلوچستان کے 18 لاکھ خاندانوں کو صحت کی مفت سہولیات فراہم کی جائیں گی، ہیلتھ کارڈ سے ملک بھر کے 1200 سے زائد ہسپتالوں میں بلوچستان کے مستحق عوام استفادہ حاصل کر سکیں گے، کینسر جیسے موذی امراض کے مریضوں کیلئے سالانہ چار لاکھ، چھوٹے امراض کیلئے فی مریض 60 ہزار روپے مختص کیے گئے ہیں۔
صوبائی وزیر صحت سید احسان شاہ نے صحت کارڈ کے معاہدے پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان صحت کارڈ میں اضافی فنڈز بھی مریضوں کیلئے رکھے گئے ہیں، پبلک اور پرائیوٹ سیکٹر ہسپتال پینل میں موجود ہیں، وزیر اعلیٰ بلوچستان کی خصوصی ہدایات پر صحت کارڈ کو ترجیح بنایا، صحت کارڈ کے ذریعے بلاتفریق عوام مستفید ہو سکیں گے۔