کوئٹہ: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے بلٹ اور بم پروف گاڑی استعمال نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، انہوں نے کابینہ اراکین اور اعلیٰ سول اور پولیس افسران کو بھی بلٹ پروف گاڑیاں استعمال نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے تمام سرکاری بلٹ پروف اور بم پروف گاڑیوں کو فوری طور پر پارک کرنے کی ہدایت کی، انہوں نے کہا کہ اگر کسی کو اپنی جان بہت عزیز ہے تو وہ اپنے سکواڈ اور ڈیوٹی پر تعینات اہلکاروں کو بھی بلٹ پروف گاڑی کی سہولت فراہم کرے۔
میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ ہم خود کو تو بلٹ پروف گاڑی میں محفوظ کر لیتے ہیں لیکن ہمارا سکیورٹی سٹاف ہماری وجہ سے نمایاں ہدف ہوتا ہے، کئی واقعات میں وی آئی پی ڈیوٹی پر تعینات سکیورٹی اہلکار دہشت گردوں کا نشانہ بنے۔
انہوں نے کہا کہ زندگی اور موت اللہ کے اختیار میں ہے، جب وقت پورا ہو تو بلٹ پروف گاڑی بھی بچا نہیں سکے گی، آئندہ مجھ سمیت کسی بھی وی آئی پی کے لیے روٹ نہیں لگے گا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم اپنی سہولت اور شان و شوکت کے لیے روٹ لگا کر عوام کو مشکل میں ڈالتے ہیں، عوام کی خدمت کے نعرے پر ووٹ لینے والے اقتدار میں آکر عوام کے لیۓ زحمت نہ بنیں۔
وزیر اعلیٰ نے اپنے پرنسپل سیکرٹری کو گاڑیوں سے متعلق فوری طور تحریری حکم نامہ جاری کرنے کی ہدایت کی ہے۔