گوادر: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ صوبے کے بجٹ کا 25 فیصد صرف گوادر کی ڈویلپمنٹ پر خرچ کر رہے ہیں۔
مقامی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گوادر کے لوگوں نے پورٹ اور دیگر میگا منصوبوں کے لیے اپنی قیمتی زمینوں کی قربانی دی ہے، گوادر کے منصوبوں کے لیے دنیا کے بہترین کنسلٹنٹس ہائر کئے ہیں۔
عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ بلوچستان میں وسائل کی کمی ہے، این ایف سی ایوارڈ میں ہمیں شیئر آبادی کے حساب سے ملتا ہے جو کہ بہت کم ہے، ہم اس قابل نہیں کہ صوبہ کے تمام مسائل حل کر سکیں لیکن پھر بھی نا امید نہیں ہیں۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ قدرتی معدنیات سے صوبے کو اچھی خاصی رائلٹی ملنا شروع ہو چکی ہے، ریکوڈک منصوبے میں ہماری کوششوں سے صوبے کو 5 فیصد رائلٹی مل رہی ہے جو کہ سالانہ ڈھائی سے تین ارب روپے بنتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سرحدی علاقوں میں اشیا کی قیمتوں کے تعین کا نظام بنایا جائے، عبدالقدوس بزنجو
عبدالقدوس بزنجو کا کہنا تھا کہ سیندک پراجیکٹ میں بھی ہماری جدوجہد سے رائلٹی بڑھا دی گئی ہے، منرلز کے شیئرز کا ہمیں اڑھائی ارب روپے کا پہلا چیک بھی مل گیا ہے، امید ہے کہ مستقبل میں بلوچستان حکومت کو معاشی مشکلات در پیش نہیں آئیں گی۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ پورٹ کو بجلی کی فراہمی اور روڈ سٹرکچر کو بہتر بنانے کے لیے تیزی سے کام جاری ہے۔