صوبائی حکومت کا اہم اقدام، بلوچستان سول سروس اکیڈمی قائم کر دی گئی

Published On 17 April,2023 09:56 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان سول سروس کی بہتری و ترقی اور افسران کی استعداد کار میں اضافے کے لیے صوبائی حکومت نے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے بلوچستان سول سروس اکیڈمی قائم کر دی۔

چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی نے اکیڈمی اور پہلے مڈ کیرئیر مینجمنٹ کورس کا افتتاح کر دیا، صوبائی سیکرٹریز اور ریٹائرڈ افسران نے تقریب میں شرکت کی۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری بلوچستان نے کہا کہ اکیڈمی کا قیام ایک اہم پیش رفت ہے، اکیڈمی کا قیام وزیر اعلیٰ کی رہنمائی اور سرپرستی کے باعث ممکن ہوا، اکیڈمی کو مزید بہتر اور بھرپور طور پر فعال بنایا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کا بلٹ و بم پروف گاڑی استعمال نہ کرنے کا فیصلہ

عبدالعزیز عقیلی نے کہا کہ اکیڈمی کے لیے نئی عمارت کا قیام بھی جلد عمل میں لایا جائے گا، صوبائی سطح پر اکیڈمی کے قیام کا مقصد صوبے کے نوجوان افسران کی کیپسٹی بلڈنگ ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی تعمیر و ترقی میں باصلاحیت اور تربیت یافتہ افسران کا کلیدی کردار ہے، امید ہے کہ نوجوان افسر اس سہولت سے بھرپور استفادہ کرکے اپنی صلاحیتوں کو نکھاریں گے۔
 

Advertisement