جی ایچ کیو پر حملہ دہشت گردی اور پاکستان دشمنی ہے، وزیر اعظم شہباز شریف

Published On 22 May,2023 05:10 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ بلوچستان اور پاکستان کو عظیم قربانیوں کے نتیجے میں امن کا گہوارہ بنایا گیا، پوری قوم شہدا کو سلام کرتی ہے، جی ایچ کیو پر حملہ دہشت گردی اور پاکستان دشمنی ہے۔

شہباز شریف نے بلوچستان میں 34 ویں قومی کھیلوں کا افتتاح کر دیا، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو بھی تقریب میں شریک ہوئے، کھیلوں کے 32 مقابلوں میں 6 ہزار سے زائد کھلاڑی شریک ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف سے گورنر بلوچستان ملک عبدالولی کاکڑ کی ملاقات

وزیر اعظم شہباز شریف نے نیشنل گیمز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں نے اپنی محنت اور قابلیت سے پاکستان کا نام روشن کیا، یہ نیشنل گیمز 19 سال بعد کوئٹہ میں منعقد کی جا رہی ہیں، گورنر اور وزیراعلیٰ بلوچستان کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ کھیلوں کا انعقاد پاکستان سے محبت کا عظیم شاہکار ہے، پاکستان کے ان نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیت ہے، ماضی میں ہماری حکومت نے لیپ ٹاپس تقسیم کیے، وہی قوم توانا ہوتی ہے جس کے نوجوان توانا ہوں، وہی قوم ترقی کرتی ہے جس کے نوجوان تعلیم کے زیور سے آراستہ ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان میں بلدیاتی مخصوص نشستوں پر انتخابات کا شیڈول جاری

شہبازشریف نے کہا کہ 9 مئی کو پاکستان کے گھر کو راکھ بنا دیا گیا، یہ کام پاکستانیوں نہیں دشمنوں کا ہے، پشاورمیں ریڈیو پاکستان کو تباہ کر دیا گیا، جی ایچ کیو پر حملہ دہشت گردی اور پاکستان دشمنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جو کام 75 برسوں میں دشمن نہ کر سکا وہ 9 مئی کو کیا گیا، شہدا، غازیوں کے ساتھ ظلم اور زیادتی قابل مذمت ہے، 9 مئی کا دن ہمیشہ کے لیے سیاہ دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا، آئین و قانون کے مطابق ذمہ داروں کو سزا دی جائے گی۔

Advertisement