اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف سے صدر ٹویوٹا ایشیاء یوشیکی کونیشی اور انڈس موٹرز کے سی ای او علی اصغر جمالی نے ملاقات کی۔
ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان جاپان کو اپنی ترقی اور خوشحالی کے ایک اہم شراکت دار کی نگاہ سے دیکھتا ہے، پاکستان میں جاپانی کمپنیوں کیلئے سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، پاکستان میں ٹویوٹا کی مقامی سطح پر ہائی برڈ گاڑی کی پیداوار خوش آئند ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے مزید کہا ہے کہ ہائی برڈ گاڑیوں کی پیداوار سے قیمتی زرمبادلہ کی بچت ہو گی، حکومت جدید ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری کیلئے صنعتوں کو مکمل سہولیات فراہم کر رہی ہے، جاپانی سفیر نے کہا کہ جاپان کی بڑی کمپنیاں پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کی خواہشمند ہیں۔
وزیر اعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ جولائی سے ٹویوٹا انڈس موٹرز پاکستان سے گاڑیوں کے سپیئر پارٹس کی برآمد شروع کر رہا ہے، سپیئر پارٹس کی برآمد سے پاکستان آٹو سپیئر پارٹس کی عالمی سپلائی چین کا حصہ بن جائے گا، شہباز شریف نے کہا انجینئرنگ شعبے کی استعداد سے فائدہ اٹھا کر سپیئر پارٹس کی برآمدات کو بڑھایا جائے۔