اسلام آباد: (دنیا نیوز ) ملک میں مہنگائی بے لگام ، رواں ہفتے 21 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ کیا گیا۔
وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق رواں ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.21فیصد کا اضافہ دیکھنے میں آیا جب کہ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح39.26فیصد ریکارڈکی گئی ہے۔
ملک میں 17 ہزار 733 روپے سے 22 ہزار 888روپے ماہانہ آمدن والوں کے لیے مہنگائی کی شرح 41.06 فی صد رہی جبکہ حالیہ ہفتے ملک میں21اشیائے ضروریہ مہنگی ،10سستی ہوئیں، 20 اشیا کی قیمتیں مستحکم رہیں۔
یہ بھی پڑھیں: رواں مالی سال گندم کی امدادی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ریکارڈ
رواں ہفتے کے دوران آلو،پیاز،چکن ،ٹماٹر، لہسن،دال ماش، چینی،واشنگ سوپ ،بیف،مٹن،کھلا دودھ،دہی،گڑ،چائے کی پتی اور چاول سمیت بنیادی ضروریات زندگی کی 21 اشیا مہنگی ہوگئیں جب کہ ایل پی جی،دال مونگ،دال مسور،دال چنا،آٹا،انڈے اور کوکنگ آئل سمیت 10 اشیا کی قیمتوں میں کمی آئی اور20اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
ایک ہفتے میں ٹماٹر کی قیمتوں میں 29.15فیصد،پیاز20.85فیصد،چکن7.01 فیصد،چائے 1.38فیصد،آلو1.74فیصد،چ ایری سک نائن اول1.26 فیصد،لہسن کی قیمتوں میں1.02 فیصد اضافہ ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: قومی اقتصادی سروے مالی سال 2022-23 کے اعداد و شمار جاری
حالیہ ہفتے کے دوران ایل پی جی کی قیمتوں میں6.60 فیصد،آٹے کی قیمتوں میں2.02فیصد،انڈے کی قیمتوں میں3.41فیصد،ویجی ٹیبل گھی کی قیمتوں میں0.33فیصد،دال مونگ کی قیمتوں میں2.22فیصد،دال چنا کی قیمتوں میں0.65فیصد اور سرسوں کے تیل کی قیمتوں میں2.16 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق حالیہ ہفتے کے دوران حساس قیمتوں کے اعشاریے کے لحاظ سے سالانہ بنیادوں پر 17 ہزار 732روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح میں38.24فیصد، 17 ہزار 733روپے سے 22 ہزار 888روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح میں41.06فیصد اضافہ ہوا ہے۔