لاہور: (دنیا نیوز) رواں مالی سال 23-2022 میں گندم کی سرکاری امدادی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، گندم کی قیمت میں فی من 2 ہزار 570 روپے کا اضافہ ہوا۔
مالی سال 23-2022 کے آغاز پر گندم کی امدادی قیمت 1765 روپے فی من تھی، ڈالر مہنگا ہونے سے دوسری بار امدادی قیمت 2300 روپے مقرر کی گئی جبکہ ماہ اپریل میں نئی امدادی قیمت 3 ہزار 970 روپے کر دی گئی، ایک سال میں فی من گندم کی قیمت میں 2 ہزار 570 روپے کا تاریخی اضافہ ہوا۔
ناقص انتظامی پالیسیوں کے باعث اوپن مارکیٹ میں گندم فی من 5400 روپے تک فروخت ہوئی، سال 2022 میں 10 کلو آٹے کا تھیلا 607 روپے کا تھا۔
سال 2023 میں 10 کلو آٹے کا تھیلا ایک ہزار 214 روپے کا ہوگیا، سال 2022 میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 1208 روپے کا تھا، سال 2023 میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 2 ہزار 417 روپے تک جا پہنچا، اوپن مارکیٹ میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 2ہزار 580 روپے تک فروخت ہوا۔
گزشتہ برس جون میں روٹی 10، نان 12 روپے کا تھا، مالی سال 23-2022 میں فی کلو آٹے کی قیمت میں 50 روپے اضافے کے باعث روٹی 5 اور نان 13 روپے مہنگا ہوا، اوپن مارکیٹ میں روٹی 20 جبکہ نان 30 روپے تک فروخت ہو رہا ہے۔