کراچی: (دنیا نیوز) ایک ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 0.42 فیصد کی معمولی کمی، مہنگائی کی مجموعی شرح 45.49 فیصد پر آگئی۔
ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ ہفتہ وار مہنگائی کے اعدادوشمار کے مطابق ایک ہفتے میں 18 اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، 16 اشیاء کی قیمتوں میں کمی اور17 میں استحکام رہا۔
ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں آلو، چینی، چاول، دودھ اورگوشت کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، گوشت 3 روپے، مٹن 19 روپے، دودھ اور دہی 2، 2 روپے فی کلو مہنگا ہوا، دال ماش 2 روپے 69 پیسے اور ٹوٹا باسمتی چاول 3 روپے 76 پیسے فی کلو مہنگے ہوئے۔
مرغی کا گوشت 40 روپے 92 پیسے، لہسن 10 روپے فی کلو سستا ہوا، ایل پی جی کا 11.67 کلو کا سلنڈر 12 روپے، انڈے 6 روپے اور کیلے5 روپے فی درجن سستے ہوئے۔
ایک ہفتے میں 20 کلو آٹے کی تھیلےکی قیمت میں 10 روپے کمی ہوئی، دال مونگ 5 روپے، دال مسور3 روپے فی کلو اور کوکنگ آئل 66 روپے تک سستا ہوا، ٹماٹر، پیاز اور گھی کی قیمت میں بھی کمی ہوئی۔