اسلام آباد: (دنیا نیوز) مہنگے ترین ممالک کی فہرست جاری کر دی گئی ہے جس میں پاکستان نے مہنگائی کی دوڑ میں سری لنکا کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
غذائی افراط زر کی فہرست میں پاکستان دنیا بھر میں 13 ویں نمبر پر موجود ہے جبکہ ڈیفالٹ ہونے والے ملک سری لنکا کا فہرست میں 18 واں نمبر ہے۔
ٹریڈنگ اکنامکس نامی ویب سائٹ کے مطابق لبنان 352 فیصد مہنگائی کے ساتھ دنیا کا مہنگا ترین ملک قرار دیا گیا، 0.4 فیصد کے ساتھ چین غذائی افراط زر کے حوالے سے دنیا کا سستا ترین ملک ہے۔
مہنگے ترین ممالک کی فہرست میں وینزویلا 158 فیصد کے ساتھ دوسرے، زمبابوے 108 فیصد کے ساتھ تیسرے جبکہ ایران کا 71.5 فیصد کے ساتھ فہرست میں چوتھا نمبر ہے، اسی طرح اسلامی ملک ترکی 53.92 فیصد کے ساتھ آٹھویں نمبر پر موجود ہے۔
مہنگائی میں اضافے کے بعد پاکستان 48 فیصد کے ساتھ 13 ویں نمبر پر موجود ہے، پاکستان کا ہمسایہ ملک بھارت 3.84 فیصد کے ساتھ 152 ویں جبکہ بنگلہ دیش کو 9.09 فیصد کے ساتھ 111 واں نمبر دیا گیا ہے۔