کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد میں دودھ فروشوں کی من مانیاں عروج پر پہنچ گئیں ڈیری فارمرز نے فی لٹر دودھ کی قیمت میں 10 روپے اضافے کا اعلان کر دیا جس کے بعد فی لٹردودھ کی ڈیری فارم قیمت 190 روپے ہو گئی۔
شہر میں فی لٹر دودھ کی خوردہ قیمت 10 روپے اضافے سے 220 روپے ہو گئی، صدر ڈیری فارمرز ایسوسی ایشن شاکر عمر گجر کے مطابق دودھ کی قیمت میں حالیہ اضافے کا اطلاق فوری کر دیا گیا ہے، شہر کے مختلف علاقوں میں فی لٹر دودھ 220 سے 230 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بجٹ سے قبل یوٹیلیٹی سٹورز پر مختلف اشیاء مہنگی ہوگئیں
کمشنر کراچی کی جانب سے 16 دسمبر کو فی لٹر دودھ کی سرکاری قیمت 10 روپے اضافے سے 180 روپے مقرر کی گئی تھی، فی لٹر دودھ کا ڈیری فارم ریٹ 163 روپے، ہول سیلرز کا ریٹ 170 روپے مقرر کیا گیا تھا۔
کراچی شہرمیں فی لٹر دودھ سرکاری قیمت سے 40 سے 50 روپے مہنگا فروخت کیا جا رہا ہے، دودھ فروشوں کی جانب سے فی لٹر دودھ کی قیمت میں غیرقانونی اضافے کے باوجود انتظامیہ کارروائی سے گریزاں ہے جبکہ شہری مہنگے داموں دودھ کی خریداری پر مجبور ہیں۔