کراچی: (دنیا نیوز) ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سی ای او زبیر موتی والا نے کہا ہے کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 30 سے 35 فیصد اضافہ معیشت پر بوجھ بنے گا۔
کراچی چیمبر آف کامرس کی پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم، وزیر خزانہ اور وزیر تجارت کی ملاقاتوں کا ثمر مل گیا ہے، پیش کردہ بجٹ پورے سال کا بجٹ ہو گا، پوائنٹ آف سیل ٹیکس کو 12 فیصد سے بڑھا کر 15 فیصد کیا ہے اس سے حکومتی محصولات میں اضافہ ہوگا۔
زبیر موتی والا نے کہا کہ حکومت کا ٹیکس ہدف 9200 ارب روپے ہے مگر اخراجات اس سے کافی زیادہ ہیں، سولر انرجی پر ٹیکس چھوٹ خوش آئند ہے، انرجی سیکٹر پر ویونگ پالیسی کو نظر انداز کیا گیا ہے۔
سی ای او ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے کہا کہ حکومت کا پیش کردہ بجٹ ایکسپورٹ سیکٹر کیلئے مفید نہیں ہو گا، زراعت کے شعبوں پر بڑا ریلیف دینا ملکی ضرورت تھی جس کو پورا کیا گیا ہے۔
زبیرموتی والا نے کہا کہ معاشی مسائل کو سامنے رکھتے ہوئے حکومت نے ایکسپورٹ سیکٹر کا ہدف 30 ارب ڈالر رکھا ہے، حکومت نے ایک طرف ٹیکس کم کیا ہے اور دوسری طرف ٹیکس بڑھایا ہے۔