لاہور: (دنیا نیوز) ملکی ایوی ایشن اور پاکستان سے چین (اورومچی) جانے والوں کے لیے اچھی خبر آگئی، چائنہ سدرن ائیرلائن کی لاہور سے اورومچی کے لیے دوبارہ پروازوں کا آغاز ہو گیا۔
اس موقع پر لاہور ایئرپورٹ پر تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب میں عوامی جمہوریہ چین کے قونصل جنرل ژاؤ شیرین نے شرکت کی، سی او او، ایئرپورٹ منیجر نذیر احمد خان، سی ایس او اور ایئر لائن، جی ایچ اے کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔
چینی قونصل جنرل ژاؤ شیرین نے فلائٹ آپریشن دوبارہ شروع کرنے میں تعاون پر ایئرپورٹ انتظامیہ اور دیگر ایجنسیوں کا شکریہ ادا کیا، چینی قونصل جنرل نے ایئر لائن اور مسافروں کے لیے لاہور اورومچی روٹ کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔
چائنہ سدرن ایئرلائنز نے 2020 میں COVID-19 کی وبا کی وجہ سے اپنا آپریشن معطل کر دیا تھا، چائنہ سدرن فلائٹ CZ-6017 صبح 7:52 پر لاہور پہنچی اور صبح 10:02 پر پرواز CZ-6018 اورومچی کے لیے روانہ ہوئی۔