آئی ایم ایف معاہدہ: سٹاک مارکیٹ میں غیر معمولی تیزی سے تاریخ رقم

Published On 03 July,2023 05:01 pm

کراچی: (دنیا نیوز) عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف ) سے ڈیل ہونے کے بعد سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہونے لگا، سٹاک مارکیٹ میں غیر معمولی تیزی نے نئی تاریخ رقم کردی۔

عیدالاضحیٰ کی چھٹیوں کے بعد کاروباری ہفتے کے پہلے روز سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کے آغاز پر تیزی دیکھی گئی ہے، غیر معمولی تیزی کے بعد کاروبار کو ایک گھنٹے کیلئے روک دیا گیا تھا جسے دوبارہ بحال کر دیا گیا ہے۔

کاروبار کے دوران سٹاک مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری رہا، 2 ہزار 446 پوائنٹس اضافے کے بعد 100 انڈیکس 43 ہزار 899 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا،زبردست تیزی کے باعث سرمایہ کاروں کو 100 ارب روپے سے زائد کا فائدہ ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: آئی ایم ایف معاہدہ پاکستان کی معیشت کو استحکام دےگا: موڈیز

قبل ازیں سٹاک مارکیٹ میں غیر معمولی تیزی کے باعث کاروبار کو ایک گھنٹے کیلئے روک دیا گیا تھا، 5 فی صد اپر کیپ میکانزم کی وجہ سے ٹریڈنگ روکی گئی، کیونکہ یہ قانون ہے کہ اگر 5 فیصد تک مارکیٹ میں کمی ہو یا بڑھے تو ایک گھنٹے کیلئے کاروبار معطل کیا جاتا ہے۔

یاد رہے کہ آخری مرتبہ 11 اپریل 2022ء میں 1700 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی تھی، آج تاریخ میں پہلی بارسٹاک مارکیٹ میں کاروبار شروع ہی 2231 پوائنٹس کی تیزی سے ہوا ہے۔

واضح رہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان سے سٹاف لیول معاہدہ کر لیا ہے، پاکستان اور آئی ایم ایف کا 3 ارب ڈالرز سٹینڈ بائی ارینجمنٹ کا معاہدہ ہوا ہے۔