لاہور: (دنیا نیوز) اوپن مارکیٹ میں گندم کی فی من قیمت 4 ہزار 800 روپے سے بڑھ کر 4 ہزار 850 روپے ہو گئی جس کے بعد آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت 2950 روپے پر پہنچ گئی۔
اوپن مارکیٹ میں گندم ڈیلرز مافیا کا راج برقرار ہے، سرکاری گوداموں سے گندم کی ریلیز پر تاحال پابندی عائد ہے، محکمہ خوراک ذخیرہ اندوز گندم مافیا کو نکیل ڈالنے میں بری طرح ناکام ہو کر رہ گیا ہے جس کے باعث شہری مہنگا آٹا خریدنے پر مجبور ہیں۔
گندم کی فی من قیمت میں اضافے کے بعد اوپن مارکیٹ میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 2900 روپے سے بڑھ کر 2950 روپے کا فروخت ہو رہا ہے، 10 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 1480 روپے تک پہنچ گئی ہے جبکہ 15 کلو آٹے کا تھیلا 2500 روپے میں بیچا جا رہا ہے۔
اس حوالے سے سیکرٹری فوڈ پنجاب زمان وٹو کا کہنا تھا کہ گندم مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، ڈپٹی کمشنرز گندم مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن کر رہے ہیں، امپورٹڈ گندم منگوائی جا رہی ہے، امید ہے جلد گندم کی قیمتوں میں فرق آئے گا۔