لاہور: (دنیا نیوز) سوئی ناردرن کے شیئر ہولڈرز نے مالی سال 22-2021 کے لیے 40 فیصد کیش ڈیوڈنڈ کی منظوری دے دی۔
سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کا 58واں سالانہ اجلاس عام منگل، یکم اگست کو لاہور میں منعقد ہوا، اجلاس میں کمپنی کے شیئر ہولڈرز نے کمپنی کے سالانہ اکاؤنٹس کی منظوری دی۔
کمپنی کو مالی سال 22-2021ء میں 15.50 ارب روپے کا قبل از ٹیکس اور 10.37 ارب روپے کا بعد از ٹیکس منافع حاصل ہوا اور فی حصص آمدن 16.34 روپے رہی، کمپنی کے شیئر ہولڈرز کی جانب سے سوئی ناردرن بورڈ آف ڈائریکٹرز کی سفارش پر 4 روپے فی شیئر کی بنیاد پر 40 فیصد کیش ڈیوڈنڈ کی بھی منظوری دی۔
کمپنی کے شیئر ہولڈرز نے میسرز یوسف عادل، چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس کو ایک مرتبہ پھر مالی سال 23-2022ء کے لیے سوئی ناردرن کے آڈیٹر کی حیثیت سے متعین کرنے کا فیصلہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: ولی گیس فیلڈ سے دریافت گیس سوئی ناردرن کے سسٹم میں شامل
اس موقع پر سوئی ناردرن کے شئیر ہولڈرز نے سیکورٹیز اینڈ ایکسچنج کمیشن آف پاکستان کے نوٹیفکیشن کے مطابق کیو آر کوڈ اور ویب لنک کے ذریعے سالانہ آڈٹ شدہ مالی اسٹیٹمنٹس کی اشاعت کی بھی منظوری دی۔
سالانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرپرسن بورڈ آف ڈائریکٹرز روحی رئیس خان نے شئیر ہولڈرز کو سراہتے ہوئے بتایا کہ مختلف معاشی اور مالی دشواریوں کے باوجود سوئی ناردرن نے بہترین نتائج دیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کمپنی کی جانب سے مسلسل چھٹے سال ڈیوڈنڈ کا اعلان کیا ہے۔
روحی رئیس خان نے یو ایف جی میں کمی کے سلسلے میں مینجمنٹ اور یو ایف جی کنٹرول ٹیم کی مسلسل کاوشوں پر حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ کمپنی کے اسٹاف اور ہنرمند افرادی قوت کی بدولت ہی بورڈ کے متعین کردہ اہداف کو حاصل کیا جاسکا۔
یہ بھی پڑھیں: سوئی ناردرن ہیڈ آفس میں ڈے کیئر سینٹر کا افتتاح
اس موقع پر تفصیلی سوال و جواب کا سیشن ہوا جس میں مینجمنٹ نے شئیر ہولڈرز کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے تسلی بخش جواب دیے۔
سالانہ اجلاس میں چیئرپرسن محترمہ روحی رئیس خان کے ساتھ ساتھ ڈائریکٹرز منظور احمد، ڈاکٹر سہیل راضی خان، محمد ہارون کے علاوہ مینیجنگ ڈائریکٹر عامر طفیل، چیف فائنانشل آفیسر فیصل اقبال اور کمپنی سیکرٹری امتیاز محمود بھی موجود تھے۔
دیگر ڈائریکٹرز جن میں علی طاہر، شہباز طاہر ندیم اور سید اختر علی شامل ہیں، نے اجلاس میں بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی، سالانہ اجلاس عام میں کمپنی کی سینیئر مینجمنٹ نے بھی شرکت کی۔
چیئرپرسن روحی رئیس خان نے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی موجودگی میں بورڈ ارکان، مینجمنٹ اور عملے کی مثالی کوششوں کو بھرپور انداز میں سراہا، انہوں نے وزارتِ توانائی (پیٹرولیم ڈویژن) کا مستقل تعاون اور بہترین رہنمائی پر شکریہ ادا کیا۔
مینجنگ ڈائریکٹر عامر طفیل نے بورڈ اور وزارتِ توانائی (پیٹرولیم ڈویژن) کے تعاون کو سراہتے ہوئے شیئر ہولڈرز کو بتایا کہ کمپنی کے مستحکم نتائج بورڈ کی رہنمائی اور ٹیم کی مخلص کاوشوں کے نتیجے میں ممکن ہوسکے۔