لاہور: (دنیا نیوز) سوئی ناردرن ہیڈ آفس میں ڈے کیئر سینٹر کا افتتاح کر دیا گیا۔
سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) کے ہیڈ آفس میں ڈے کیئر سینٹر کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔ چیئرپرسن بورڈ آف ڈائریکٹرز روحی رئیس خان نے ڈے کیئر سینٹر کا افتتاح کیا۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرپرسن بورڈ آف ڈائریکٹرز روحی رئیس خان نے کہا کہ بورڈ آف ڈائریکٹرز نے ہمیشہ کمپنی مینجمنٹ کے تعاون سے ادارے اور ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے بہترین اقدامات کی کوشش کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بورڈ کے انہی اقدامات اور کمپنی مینجمنٹ کی کاوشوں کے نتیجے میں یو ایف جی اور اخراجات پر کنٹرول پانے میں کامیابی کے علاوہ ڈیجیٹائزیشن پروگرام پر عمل درآمد ممکن ہوسکا۔
روحی رئیس خان نے مزید کہا کہ کوئی بھی ادارہ اور معاشرہ باہمی کاوشوں کے بغیر کامیابی کی منازل طے نہیں کرسکتا، لہذا کمپنی کے مرد و خواتین ملازمین کو مل جل کر کام کرنے کے علاوہ ایک دوسرے کے لیے برداشت کا مادہ بھی پیدا کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ڈے کیئر سینٹر سوئی ناردرن کی خواتین ملازمین کا دیرینہ مطالبہ تھا جو آج پایہ تکمیل تک پہنچا، انہوں نے کہا کہ مینجمنٹ کے اسی طرح کے تعاون کے ساتھ مستقبل میں بھی ملازمین کے لیے بہترین اقدامات کیے جاتے رہیں گے۔
قائم مقام مینجنگ ڈائریکٹر عامر طفیل نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرپرسن کی ڈے کیئر منصوبے میں گہری دلچسپی کو سراہا، جس سے منصوبے کی فوری تکمیل میں مدد ملی، انہوں نے کہا کہ ہر چیز میں بہتری کی گنجائش موجود رہتی ہے، لہذا ڈے کیئر سینٹر کو بھی ملازمین کی تجویز کے مطابق وقت کے ساتھ ساتھ مزید بہتر بنایا جائے گا۔
افتتاحی تقریب میں ڈے کیئر سینٹر کے منصوبے سے متعلق جامع دستاویزی فلم بھی پیش کی گئی ، تقریب میں کمپنی کی سینئر مینجمنٹ سمیت خواتین ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔