پشاور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرین کور کمیٹی کا اجلاس زیر صدارت پرویز خٹک پشاور میں منعقد ہوا، اجلاس میں سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان سمیت کور کمیٹی ممبران نے شرکت کی۔
اجلاس میں کور کمیٹی نے متفقہ طور پر پرویز خٹک کو پارٹی چیئرمین جبکہ محمود خان کو وائس چیئرمین منتخب کر لیا، کور کمیٹی نے ضیاء اللہ خان بنگش کو پارٹی انفارمیشن سیکرٹری نامزد کر دیا۔
سابق وزیر اعلیٰ محمود خان نے کہا کہ میں تمام ممبران کا آج اس اجلاس میں شرکت کرنے پر شکریہ ادا کرتا ہوں، آج کا ہمارا اکٹھا ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم سب اس ملک اور خصوصاً خیبر پختونخوا میں امن چاہتے ہیں اور امن اور خوشحالی کے لئے کام کرنا چاہتے ہیں۔
سابق وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے کہا کہ آنے والے انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرین تمام حلقوں سے اپنے امیدوار کھڑے کرے گی، ہماری پارٹی میں سب کے لئے دروازے کھلے ہیں، پارٹی میں شمولیتی پروگرام شروع ہیں اس کے علاوہ باقی پارٹیوں کے ساتھ بھی ہم اتحاد کر سکتے ہیں۔
پرویز خٹک نے کہا کہ انتخابات کی تیاری کے لئے 19 اگست سے نوشہرہ میں پہلا جلسہ منعقد کر کے ہم اپنی عوامی رابطہ مہم کا آغاز کر رہے ہیں، مانسہرہ، کوہاٹ، ڈی آئی خان، سوات، کوہستان، ہنگو، پشاور، مردان، بونیر، ایبٹ آباد میں بھی جلسے منعقد کئے جائیں گے، کور کمیٹی نے منظوری دے دی۔
سابق وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ ہم نے اس صوبہ میں پہلے بھی عوام کی خدمت بھرپور انداز میں کی ہے اور انشاءاللہ آگے بھی اپنی خدمت کا سلسلہ اس صوبہ اور ملک پاکستان کے لئے بھرپور طریقہ سے جاری رکھیں گے۔
اس موقع پر کور کمیٹی نے پارٹی کے آئین، منشور اور اغراض و مقاصد کا بھی جائزہ لیا، پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرین کا سلوگن امن، ترقی اور خوشحالی ہوگا، کور کمیٹی نے منظوری دے دی۔