عوام کو ایک اور جھٹکا، بجلی کی قیمت میں 1.81 روپے یونٹ اضافے کی منظوری

Published On 09 August,2023 01:00 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیپرا نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ (ایف سی اے) برائے جون کے حوالے سے اعلامیہ جاری کردیا۔

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری تھارٹی (نیپرا) نے ڈسکوز کے جون کے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 1 روپے 81 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی۔

نیپرا نے نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے کہا کہ سی پی پی اے نے 1 روپے 88 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی تھی، نیپرا نے 26 جولائی 2023 کو ایف سی اے پر عوامی سماعت کی، جس کے بعد 1.81 روپے کا اضافہ کردیا گیا۔ اس کا اطلاق صرف اگست کے ماہ کے بلوں پر ہوگا۔

بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق ڈسکوز کے تمام صارفین پر ہوگا تاہم لائف لائن، الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز اور کے الیکٹرک صارفین پر نہیں ہو گا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل صارفین سے مئی کے ایف سی اے کی مد میں 1 روپے 90 پیسے فی یونٹ چارج کیا گیا تھا۔