ملک میں چینی کی فی کلو قیمت 200 روپے سے بڑھ گئی، عوام کا کمی کا مطالبہ

Published On 05 September,2023 05:36 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک کے کئی شہروں میں چینی کی قیمت 200 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی جبکہ کوئٹہ میں 230 روپے میں فی کلو بکنے لگی۔

تفصیلات کے مطابق بڑھتی ہوئی سمگلنگ اور مصنوعی قلت کی وجہ سے ملک بھر میں چینی ناپید ہونے لگی جس کی وجہ سے کراچی، فیصل آباد، پشاور، مظفر آباد سمیت کئی شہروں میں چینی 200 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے۔

اسلام آباد، سرگودھا اور گوجرانوالہ میں چینی کی قیمت 190 روپے، لاہور میں 185 جبکہ ملتان میں 180 روپے کلو میں فروخت ہو رہی ہے، کوئٹہ میں چینی کی 50 کلو کی بوری 11 ہزار روپے کی ہو گئی، شہر میں فی کلو چینی 230 روپے کی بک رہی ہے۔

دوسری جانب مصنوعی قلت اور سمگلنگ کی وجہ سے روزانہ کی بنیاد پر چینی کے نرخوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے جبکہ عوام نے حکومت سے چینی کی قیمتوں میں کمی کا مطالبہ کیا ہے۔