لاہور: ( دنیا نیوز) شہر میں من مانی قیمتوں پر چینی کی فروخت کا سلسلہ جاری ہے، مارکیٹوں میں سرکاری ریٹ کو یکسر نظر انداز کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق چند ہفتوں سے چینی کے نرخوں میں مسلسل اضافے کا رجحان دیکھا جا رہا ہے، مارکیٹ میں فی کلو چینی کم از کم 150 روپے میں فروخت کی جا رہی ہے، ہول سیل مارکیٹ میں چینی نرخ 142 روپے پر پہنچ چکے ہیں جبکہ شوگر ملز ایکس ریٹ 137 روپے کلو تک ہے۔
حکومتی ذرائع کی جانب سے کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت نے چینی نرخ 98 روپے 82 پیسے مقرر کئے ہیں، عدالتی معاملات کی وجہ سے سرکاری چینی نرخوں پر عملدرآمد مؤخر ہے، پنجاب حکومت چینی کے نرخ متعین کرنے کیلئے متحرک ہوگئی ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ منگل کے روز کین کمشنر پنجاب اور شوگر ملز ایسوسی ایشن نمائندوں کے درمیان مذاکرات ہوں گے جن میں چینی کے نرخوں کے تعین کا جائزہ لیا جائے گا۔